تلنگانہ اضلاع میں آئندہ تین دن میں شدید بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد 9 جولائی ( سیاست نیوز ) شمالی چھتیس گڑھ اور پڑوسی اوڈیشہ وغیرہ میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی جو صورتحال ہے وہ برقرار ہے ۔ اس کے اثر سے تلنگانہ کے اضلاع نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ ‘ کھمم ‘ بھدرا دری ‘ کتہ گوڑم ‘ جئے شنکر بھوپال پلی ‘ ورنگل اربن اور رول کے علاوہ محبوب آباد میں آئندہ تین دن کے دوران بھاری سے بہت زیادہ شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے یہ بات بتائی ۔ محکمہ نے خبردار کیا کہ آندھرا پردیش کے سریکا کلم ‘ وجیا نگرم ‘ وشاکھا پٹنم ‘ مشرقی گوداوری اور مغربی گوداوری کے علاوہ گنٹور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بہت زیادہ بارش ہوسکتی ہے ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ میں کئی مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں سرگرم ہے ‘ ساحلی آندھرا میں معمول کے مطابق ہے جبکہ رائلسیما میں کمزور ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جئے شنکر بھوپال پلی ضلع میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہوئی ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور ایک یا دو موقعوں پر بارش ہوسکتی ہے ۔