تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سے چیف منسٹر کے سفر کے لیے خصوصی گاڑی تیار

پانچ کروڑ کی لاگت سے تیار ، انتخابی ضابطہ اخلاق کے دوران کے سی آر کا خصوصی مراعات سے استفادہ ممکن
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) کارگذار چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ان کے اپنے سفر کے لئے خصوصی طور پر تیا رکردہ بس میں انتخابی مہم چلائیں گے یا نہیں ! سال 2014کے بعد چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے سفر کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے 5کروڑ کی لاگت سے خصوصی بس تیار کی گئی تھی لیکن گذشتہ 4برسوں کے دوران اب تک اس بس کو 10ہزار کیلو میٹر بھی استعمال نہیں کیا جاسکا ہے جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے تیار رکھا گیا ہے تاکہ اگر چیف منسٹر کی جانب سے اس بس کو طلب کیا جاتا ہے تو وہ فوری روانہ کرسکیں۔انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد حکومت اور وزراء کی جانب سے کوئی سرکاری املاک کے استعمال کی گنجائش نہیںہوتی لیکن چیف منسٹر کو حاصل کچھ مراعات کے سبب وہ اس بس کا استعمال کرسکتے ہیں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے اس بس کا کرایہ چیف منسٹر کے دفتر سے وصول کیا جائے گا۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس بس کو آخری مرتبہ شہر کے نواحی علاقہ کونگراکالن میں منعقدہ پرگتی نیویدنا سبھا کے دوران کیا تھا جہاں انہوں نے ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد اسٹیج تک کا سفر اس بس کے ذریعہ مکمل کیا تھا اس سے قبل بھی کئی مقامات پر اس بس کو استعمال کیا جاتا رہا ہے ۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کیلئے خصوصی طور پر تیار کردہ اس بس کی لاگت 5کروڑ روپئے ہے جو کہ بلٹ پروف اور مائن پروف ہونے کے ساتھ اس بس میں بنیادی سہولتیں بھی موجود ہیں ۔مرسڈیز بینز کی یہ بس فی الحال شہر حیدرآباد کے ڈپو مشیرآباد میں پوری طرح تیار رکھا گیا ہے تاکہ کس بھی وقت چیف منسٹر کی جانب سے طلب کئے جانے کی صورت میں روانہ کیا جاسکے ۔320 ہار پاؤر انجن کی یہ بس فی گھنٹہ 100 کیلو میٹر کی رفتار سے چلائی جاسکتی ہے اور اس کا استعمال اکثر چیف منسٹر ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد ہیلی کاپٹر تک واپسی کے دوران عوامی پروگرامس کے لئے کرتے ہیں۔تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کا کہناہے کہ تاحال چیف منسٹر کے دفتر سے اس بس کے حصول کے لئے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی لیکن توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں بعد عوام کے درمیان پہنچنے کے لئے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس بس کا استعمال کریں گے جس میں عوام سے خطاب کی سہولت کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتیں موجود ہیں ۔انتہائی آرام دہ اس بس کے ذریعہ چیف منسٹر اضلاع میں انتخابی مہم چلاسکتے ہیں اور اس بس کے ذریعہ ہی وہ عوام سے خطاب بھی کرنے کا امکان ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیداروں نے اس بس کے کرایہ کے سلسلہ میں تمام تفصیلات چیف منسٹر کے دفتر کو روانہ کردی ہیں اوراگر چیف منسٹر کی جانب سے اس بس کا انتخابی مہم کے لئے استعمال کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں یومیہ اساس پر ان سے کرایہ وصول کیا جائے گا۔سابق میں دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی انتخابی مہم کیلئے تیار کردہ خصوصی بسوں کے ذریعہ انتخابی مہم چلائی جاتی تھی اور اس سلسلہ میں آنجہانی چیف منسٹر این ٹی راما راؤ نے پہلی شروعات کی تھی جس کے بعد مجلس کی قیادت کی جانب سے بھی انتخابی مہم کے لئے بس کی تیاری عمل میں لائی گئی تھی اور اس بس کو نام ’ شاہین‘ دیا گیا تھا لیکن اس کے بعد سے یہ بس بھی عوامی نظروں سے اوجھل ہے ۔