تلنگانہ میں اردو میڈیم اسکولس کے مسائل کو حل کرنے کا عزم، ڈی ای او حیدرآباد سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (پریس نوٹ) ریاست تلنگانہ میں اردو زبان، اردو میڈیم مدارس اور اردو میڈیم اساتذہ کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی اور اس کے حل کیلئے ریاست کی تمام اساتذہ تنظیموں سے وابستہ قائدین کے اشتراک سے ’’تلنگانہ اسٹیٹ اردو ٹیچرسس جوائنٹ ایکشن فورم‘‘ کا قیام عمل میں آیا جس میں محمد بشیرالدین (ایس ٹی یو ٹی ایس) کو بحیثیت کنوینر اور محمد انور الباقی (سوٹا)، نثار احمد خان (ٹی ایس ٹی یو)، محمد عبدالبار (ٹی ایس پی ٹی اے) محمد عبدالعلیم ٹی پی آر ٹی او، محمد معین الدین (ایم ٹی یو ٹی ایس)، محمد اکبر علی قریشی (ایس ٹی یو ٹی ایس) کو بحیثیت معاون کنوینرس بلامقابلہ منتخب کیا گیا۔ اس کے علاوہ محمد وحیداللہ حسینی، سید عبدالعظیم ساجد، ایم اے علیم، ایم اے نعیم، شیخ افضل، سید رحمت اللہ، محمد خواجہ اراکین عاملہ منتخب کئے گئے۔ محمد اکرام اللہ خان سابقہ ڈی ای او اور زیڈ ایچ جاوید (بار کونسل ممبر) کو بحیثیت قانون مشیر نامزد کیا گیا۔ محمد بشیرالدین کی قیادت میں اس فورم کا ایک وفد آج ڈی ای او حیدرآباد مسٹر ایم سومی ریڈی کے علاوہ پراجکٹ آفیسر آر وی ایم، ضلع حیدرآباد سے مل کر اردو میڈیم کے نئی درستی کتب کی مؤثر تدریسی کیلئے دی جانے والی ٹریننگ پروگرام سے متعلق نمائندگی کی گئی جس میں زور دیا گیا کہ یہ ٹریننگ صرف متعلقہ منڈلس ہی میں منعقد کی جائے۔ ایسے منڈلس جہاں اردو میڈیم مدارس کی کم تعداد ہے وہاں متصل منڈلس میں اس کا انعقاد عمل میں لایا جائے تاکہ لیڈی ٹیچرس کو سہولت ہوسکے اور ٹریننگ پروگرام کو بجائے 5 نومبر سے شروع کرنے کے 10 نومبر تا 12 اور 13 تا 15 نومبر دو علحدہ حصوں میں منعقد کیا جائے تاکہ دوسرا ہفتہ اور اتوار کی تعطیل متاثر نہ ہونے پائے۔ فورم کے قائدین نے یہ بھی کہا ہیکہ ٹریننگ میں درکار مواد کو اردو میں مہیا کیا جائے۔ بصورت دیگر اس ٹریننگ کو بائیکاٹ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ضلع حیدرآباد کے تمام مدارس کے اوقات کار میں تبدیلی کیلئے ارباب مجاز سے نمائندگی جاری ہے۔ عنقریب اس مسئلہ کا بھی حل نکل آئے گا۔