10ستمبر کو پہلے بجٹ کی پیشکش‘ چیف منسٹر کی اسپیکر ‘ وزراء سے مشاورت
حیدآباد۔4اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے پہلے بجٹ سیشن کا 3ستمبر سے آغاز متوقع ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ وزیر فینانس مسٹر ای راجندر 10ستمبر کو ریاست تلنگانہ کا پہلا بجٹ پیش کریں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جنہوں نے آج اسمبلی کا دورہ کیا اور اسپیکر اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری کے علاوہے صدرنشین قانون ساز کونسل تلنگانہ مسٹر سوامی گوڑ و دیگر کے ساتھ اسمبلی اجلاس کے منعقد کرنے کے مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اسپیکر اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری کو 3ستمبر سے بجٹ سیشن طلب کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ جبکہ آندھراپردیش حکومت نے 16اگست سے بجٹ سیشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس موقع پر وزیر اُمور مقننہ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر کو اسمبلی اجلاس کے تعلق سے واقف کروایا اور تلنگانہ اسمبلی بجٹ سیشن کی مدت پر بھی غور کیا گیا ۔ علاوہ ازیں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی عمارت میں سیاسی جماعتوں کو پارٹی آفس مختص کرنے کے علاوہ دیگر تمام تر اہم سہولتیں فراہم کرکے بجٹ سیشن کی تیاریوں ایمسیٹ کونسلنگ 2014ء کے مسئلہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ پر اور میٹرو ریل کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔