تلنگانہ اسمبلی میں سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کے نام پر تنازعہ

تلگو دیشم اور ٹی آر ایس کا سابقہ وزیر اعظم کے وراثت اور احترام میں ایک دوسرے پر سبقت
حیدرآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کے نام پر پھر تنازعہ پیدا ہوگیا۔ ایک طرف تلگودیشم اور ٹی آر ایس پی وی نرسمہا راؤ کی وراثت اور احترام کے سلسلہ میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہی تھیں تو دوسری طرف کمیونسٹ جماعتوں نے پی وی نرسمہا راؤ کے بجائے ایر پورٹ کے نام کیلئے دیگر قائدین کے نام پیش کئے۔ مسلم ارکان نے نرسمہا راؤ کے نام کی مخالفت کی اور ایرپورٹ کو حضرت بابا شرف الدین ؒ کے نام سے موسوم کرنے کی تجویز پیش کی کیونکہ جس اراضی پر ایر پورٹ تعمیر کیا گیا وہ اس درگاہ کے تحت وقف اراضی ہے۔ تلگودیشم فلور لیڈر دیاکر راؤ نے ایر پورٹ کا نام پی وی نرسمہا راؤ سے موسوم کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ قائدین کے احترام کے سلسلہ میں تلگودیشم ہمیشہ آگے رہی ہے۔ نئی دہلی میں پی وی گھاٹ کی تعمیر کیلئے چندرا بابو نائیڈو نے اسوقت کے وزیر اعظم کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ اس مرحلہ پر چیف منسٹر کے سی آر نے مداخلت کی اور کہا کہ پی وی گھاٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں انہوں نے بھی وزیر اعظم سے شخصی طور پر نمائندگی کی تھی۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ این ٹی راما راؤ کے نام کی مخالفت کرنے والے چندر شیکھر راؤ بارہا این ٹی آر کے تلنگانہ کے حق میں کئے گئے فیصلوں کی ستائش کی تھی۔ دیاکر راؤ نے انٹر نیشنل ٹرمنل کا نام راجیو گاندھی کے بجائے پی وی نرسمہا راؤ رکھے جانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ٹاملناڈو اور کرناٹک میں ریاست کی اہم شخصیتوں کے نام پر ایرپورٹ کا نام رکھا گیا۔ مسلم رکن اسمبلی نے پی وی نرسمہا راؤ کے نام کی مخالفت کی اور کہا کہ جس کی اراضی ہے اس کا نام رکھا جائے۔ لہذا حضرت بابا شرف الدین ؒ کا نام موزوں رہے گا۔وائی ایس آر کانگریس، سی پی آئی اور سی پی ایم کی جانب سے مجاہد آزادی کمرم بھیم کے نام کی تجویز پیش کی گئی۔ سی پی آئی رکن رویندر کمار نے راوی نارائن ریڈی، مخدوم محی الدین اور دیگر تلنگانہ جہد کاروں کے نام تجویز کئے۔