حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں تصر ف بل برائے سال 2015-16کو منظوری دے دی گئی ۔ وزیر فینانس مسٹر ای راجندر نے بجٹ پر ہوئے مباحث اور مطالبات زر پر تجاویزاور مطالبات زر کو منظور کرلئے جانے کے بعد آج ایوان میں تصرف بل پیش کیا تھا اور اس پر تفصیلی مباحث اور جواب دیئے جانے کے بعد قانون ساز اسمبلی کے ایوان میں آج تصرف بل کو منظوری دے دی گئی ‘اسپیکر اسمبلی تلنگانہ مسٹر مدھو سدن چاری کی جانب سے تصرف بل کی منظوری کے اعلان کے ساتھ ہی تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔ اس اعلان سے قبل مسٹر مدھو سدن چاری نے ایوان کی کاروائی کی۔تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 14 دن جاری رہا جس کے منجملہ 78 گھنٹے 54 منٹوں تک ایوان کی کارروائی جاری رہی۔ اس بجٹ اجلاس میں حکومت کی جانب سے 8 مختلف بلس پیش کئے گئے جنہیں متفقہ طور پر منظوری حاصل ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایوان میں حکمراں تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے 65 گھنٹے بات کی۔ کانگریس پارٹی نے 21 گھنٹے‘تلگودیشم پارٹی 15 گھنٹے ‘مجلس 7 گھنٹے ‘بی جے پی 5 گھنٹے ‘وائی ایس آر سی پی نے 3 گھنٹے ‘سی پی آئی اور سی پی ایم نے ایک ایک گھنٹہ اپنا اظہار خیال کیا ۔