تلنگانہ اسمبلی میں اپوزیشن کا گھیرا تنگ،نشستوں کے الاٹمنٹ میں الٹ پھیر ، اپوزیشن ٹی آر ایس کے حصار میں

حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں حکومت نے اپوزیشن کے اطراف گھیرا تنگ کرتے ہوئے نشستوں کا الاٹمنٹ کیا ہے۔ اسمبلی کی روایات سے ہٹ کر ارکان میں نشستوں کا الاٹمنٹ کیا گیا۔ اس الاٹمنٹ کے ذریعہ اپوزیشن کو ایک محدود گوشہ تک سمیٹ دیا گیا جبکہ برسر اقتدار ٹی آر ایس کے ارکان نے عملاً اپوزیشن کو اپنے حصار میں لے لیا۔ نشستوں کا الاٹمنٹ آج کیا گیا جس کے سبب کئی ارکان اپنی نشستیں ڈھونڈتے دیکھے گئے ۔ کانگریس کے سینئر ارکان بشمول ڈپٹی لیڈرس کو پہلی صف میں جگہ نہیں دی گئی۔ اسمبلی کی روایات کے مطابق اپوزیشن کے گوشہ میں ابتدائی دو صف کی نشستیں اہم اپوزیشن کو الاٹ کی جاتی ہیں اور پہلی صف کی چار نشستوں پر اہم اپوزیشن کے ارکان ہوتے ہیں۔ اس روایت کے برخلاف ٹی آر ایس حکومت نے کانگریس کے لئے پہلی صف کی صرف دو نشستیں الاٹ کیں جبکہ دیگر سینئر ارکان کو پیچھے کردیا گیا۔ دوسری صف کی پہلی نشست تلگو دیشم فلور لیڈر دیاکر راؤ کو الاٹ کی گئی جبکہ ان سے متصل نشست ایم آئی ایم فلور لیڈر کو دی گئی ۔ تیسری صف میں بی جے پی اور وائی ایس آر کانگریس کے فلور لیڈرس کو نشستیں فراہم کی گئیں۔ سی پی آئی اور سی پی ایم ارکان کیلئے پہلی صف میں نشست الاٹ نہیں کی گئی۔ نشستوں کے الاٹمنٹ میں فلور لیڈر کے ساتھ پارٹی ارکان کے فاصلہ میں کافی دوری رکھی گئی ہے اور فلور لیڈر کی نشست سے کافی فاصلہ پر اس پارٹی کے ارکان کو نشستیں الاٹ کی گئیں ۔ اس نئے الاٹمنٹ سے ارکان مطمئن دکھائی نہیں دیئے ۔ فلور لیڈر کو کسی بھی مسئلہ پر پارٹی ارکان سے مشاورت میں دشواری ہوگی اور انہیں اپنی نشست سے اٹھ کر ارکان کی نشست تک آنا پڑے گا۔