حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : ریاست تلنگانہ کے تلگو دیشم پارٹی کے ارکان اسمبلی نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس کی طلبی پر زور دیا تاکہ مختلف عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔ تلگو دیشم کے ارکان اسمبلی نے گورنر سے راج بھون میں ملاقات کی اور ریاست کے مختلف مسائل پر انہیں ایک یادداشت پیش کی ۔ ٹی ڈی پی تلنگانہ کمیٹی کے چیرمین ایل رمنا نے کہا کہ حالانکہ ریاست میں کسانوں ، طلبہ اور میٹرو ریل اراضی کی حوالگی کے مسائل ہیں لیکن یہ امر افسوسناک ہے کہ ٹی آر ایس حکومت دسمبر تک اسمبلی سیشن طلب کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت اسمبلی اجلاس کی طلبی سے خود کو دور رکھنے کی کوشش کررہی ہے کیوں کہ اسے خوف ہے کہ اسمبلی میں مباحث ہوں تو اس کی غلط حکمرانی آشکار ہوجائے گی ۔ رمنا نے کہا کہ گورنر نے پارٹی کی یادداشت پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔۔