تلنگانہ احتجاجیوں کے خلاف مقدمات ختم کئے جائیں : سی پی آئی

حیدرآباد 3 اپریل ( این ایس ایس ) سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ کونسل نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ تلنگانہ کے احتجاجیوں کے خلاف ریلویز کی جانب سے تلنگانہ تحریک کے دوران جو مقدمات درج ہیں ان سے دستبرداری اختیار کی جائے ۔ سی پی آئی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے اس سلسلہ میں ایک مکتوب مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ کو روانہ کیاہے ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ ٹی آر ایس ‘ سی پی آئی ‘ بی جے پی ‘ سی پی آئی ایم ایل اور نیوڈیموکریسی پارٹیوں نے راست طور پر تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلویز کی جانب سے ان کے اور سی پی آئی رکن اسمبلی جی ملیش اور کئی دوسرے ارکان اسمبلی ‘ ارکان پارلیمنٹ اور موجودہ حکومت کے وزرا کے خلاف کئی مقدمات درج کئے گئے تھے ۔ فی الحال بی جے پی مرکز میں اقتدار پر ہے ۔ اس پارٹی اور اس کے قائدین نے دوسرے سیاسی قائدین کے ساتھ تلنگانہ تحریک میں سرگرم رول ادا کیا ہے ایسے میں ریلویز نے جو مقدمات درج کئے ہیں وہ ظالمانہ ہیں۔ ریلویز نے کئی قائدین اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں حالانکہ ریلویز کی جائیداد و املاک کو کوئی نقصان نہیں پہونچایا گیا ہے ۔ انہوں نے دتاتریہ سے کہا کہ وہ محکمہ ریلوے سے رابطہ کرتے ہوئے تلنگانہ احتجاج میں حصہ لینے والوں کے خلاف مقدمات سے دستبرداری کو یقینی بنانے کی خواہش کی ۔