حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( آر ٹی سی ) ملازمین کی مختلف یونینوں کے نمائندوں کی منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی این سامبا سیوا راؤ کے ساتھ ہوئی بات چیت بالکلیہ طور پر ناکام ہوگئی۔ جس کے نتیجہ میں آر ٹی سی ملازمین کی ان مختلف یونینوں کے نمائندوں نے باقاعدہ طور پر آج این سامبا سیوا راؤ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی سے ملاقات کرکے ہڑتال کی نوٹس پیش کی ۔ ہڑتالی نوٹس میں 15اپریل تک آر ٹی سی ملازمین کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا حکومت تلنگانہ اور آر ٹی سی انتظامیہ سے مطالبہ کیا۔ بصورت دیگر 16اپریل سے دونوں ریاستوں ( تلنگانہ اور آندھرا پردیش ) میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کردینے کا سخت انتباہ دیا۔ ان قائدین نے سرکاری ملازمین کے برابر آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ آر ٹی سی تلنگانہ ایمپلائز یونین، ٹی ایم یو قائدین نے آر ٹی سی انتظامیہ کے ساتھ ہوئی بات چیت کی ناکامی کے بعد آج بس بھون کے گھیراؤ کا پروگرام منظم کیا تھا۔ جس کی وجہ سے آر ٹی سی ملازمین کے اس پروگرام میں شامل ہوجانے کی وجہ سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں بسوں کی تعداد میں کافی حد تک کمی ہوگئی۔ بالخصوص حکیم پیٹ، حیات نگر، دلسکھ نگر بس ڈپو کے روبرو بھی آر ٹی سی ملازمین نے احتجاج منظم کیا۔