والد کی جانب سے ڈانٹ کے بعد کم عمر اسکولی طالبات لاپتہ، گمشدگی کا مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ /5 جنوری (سیاست نیوز) تلاوت قرآن پاک نہ کرنے پر والد کی جانب سے تنبیہہ کئے جانے پر دو بہنوں نے گھر چھوڑدیا ۔ معراج بیگم ساکن جمال بی کا تکیہ دودھ باؤلی نے کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن سے آج ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی دو کم عمر لڑکیاں 15 سالہ سمیعہ فاطمہ اور 14 سالہ نبیلہ فاطمہ نے آج اچانک گھر چھوڑدیا ۔ معراج بیگم نے اپنی درخواست میں مزید بتایا کہ ان کے شوہر عثمان علی خان نے بیٹیوں کو تلاوت قرآن پاک نہ کرنے پر ڈانٹ پلائی تھی جس کے سبب دونوں نے اچانک گھر چھوڑدیا ۔ رشتہ داروں کے علاوہ دوست و اقارب سے دریافت کرنے پر دونوں کاپتہ نہ چل سکا اور کاماٹی پورہ پولیس میں شکایت درج کئے جانے پر ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ سمیعہ اور نبیلہ دودھ باؤلی اور جہاں نما میں واقع خانگی اسکولوں کی طالبات ہیں اور گھر چھوڑتے وقت دونوں بہنیں اسکول یونیفارم میں تھیں ۔ پولیس کاماٹی پورہ نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں بہنوں کی تلاش شروع کردی اور لاپتہ بہنوں سے متعلق کسی بھی اطلاع کو فون نمبر 9490616309 پر فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔