تقسیم پسند طاقتوں سے مقابلہ کیلئے پریشر گروپ کے قیام کا فیصلہ

حیدرآباد 31 مارچ ( آئی این این ) دانشوروں ‘ مذہبی قائدین ‘ ماہرین تعلیم اور سماجی قائیدن نے اتفاق رائے سے ایک پریشر گروپ ملک بھر میں اور علاقائی سطح پر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان تقسیم پسندانہ طاقتوں کے خلاف جدوجہد کی جاسکے جو ملک کے دستور کو نقصان پہونچا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں معروف سماجی لیڈر ڈاکٹر پرکاش امبیڈکر ‘ جمیعتہ العلما کے جنرل سکریٹری محمود مدنی ‘ لنگایت برادری کے لیڈر بسوا راج پٹادریہ مہا سوامی ‘ پروفیسر کانچا الیا ‘ انقلابی گلوکار غدر اور دوسروں نے شرکت کی ۔ کلیدی خطاب میں سوامی بسوا راج نے کہا کہ جمہوریت او ر دستور بچانے کے اجلاس میں شرکت کرنا ان کیلئے حیرت کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ فرقہ پرست طاقتیں انتخابات جیت رہی ہیں اور عوام کو سماجی خطوط پر تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تقسیم پسندانہ طاقتوں کے خلاف سارا ملک متحد ہوگا ۔ ڈاکٹر پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اچھی امیج کے پس پردہ مسخ چہرے کی حقیقت کو آشکار کرنے کی ضرورت ہے ۔ مودی حکومت بدعنوان ہے لیکن اب بھی کرپشن سے پاک دکھائی دیتی ہے ۔