حیدرآباد ۔ 11 ۔ فبروری ( سیاست نیوز ) صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو توقع ہیکہ 12 فبروری سے تلنگانہ ریاست میں دورہ کریں گے ور اپنے اس دورہ کا آغاز 12 فبروری کے دن ضلع ورنگل سے کریں گے ۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کی خصوصی خواہش پر ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو ریاست تلنگانہ میں دورہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 33 سال سے پارٹی کے جھنڈے اُٹھاکر پارٹی کیلئے کام کرنے والے پارٹی قائدین و کارکنان تلنگانہ اضلاع کی ہمت افزائی کرنے اور تلگودیشم پارٹی کو دوبارہ ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار لانے کے مقصد سے ہی مسٹر چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ اضلاع کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر ایل رمنا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں درپیش ہر مسئلہ کیلئے چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ ، چیف منسٹر آندھراپردیش و صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو ہی مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں ۔ لہذا ان تمام حالات کی روشنی میں تلنگانہ عوام کو حقائق سے واقف کروانے کے مقصد سے ہی ازخود مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ ریاست کے تمام اضلاع کا دورہ کرنے کا پروگرام بنایا ہے ۔
انہوں نے تلنگانہ ریاست کو درپیش مختلف مسائل سے متعلق فی المقدر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے یا وائیٹ پیپر جاری کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھرراؤ سے مطالبہ کیا تاکہ اگر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے پر حقائق پیش کئے جاسکیں یا وائیٹ پیپر جاری کرنے پر بھی حقیقی صورتحال کا انکشاف ہوسکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر چندرا بابو نائیڈو اپنے دورہ اضلاع تلنگانہ کے موقعہ پر عوام کو حقائق سے واقف کروائیں گے تاکہ عوام خود سیاسی جماعتوں اور ان سیاسی جماعتوں کے قائدین کے تعلق سے حقیقی اندازہ کرسکیں اور حقیقی انداز میں تلگودیشم پارٹی کو ہر سطح پر ازسر نو مضبوط و مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوسکیں ۔ مسٹر ایل رمنا صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو کے دورہ اضلاع تلنگانہ کو کامیاب بنانے میں مقامی پارٹی قائدین اور عوام سے مکمل تعاون کرنے کی پر زور اپیل کی اور بتایا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو اپنے دورہ ضلع ورنگل کے موقعہ پر نہ صرف عوام سے ملاقات کریں گے بلکہ مخاطب بھی کریں گے اور پھر پارٹی قائدین و کارکنوں کے ساتھ علحدہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے ۔