ریاست آندھرا پردیش میں زرعی ، پٹرولیم اور سنٹرل یونیورسٹیز
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت آندھرا پردیش ریاست کی تقسیم کے فوائد کے ساتھ ساتھ مرکزی این ڈی اے حکومت و بی جے پی سے قربت کے بھر پور فائدے حاصل کرتے ہوئے منقسم ریاست آندھرا پردیش کو ترقی دینے میں مصروف ہے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو بھارتیہ جنتا پارٹی سے رفاقت سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے ریاست میں قومی تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے کوشاں ہیں ۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل میں موجود تعلیمی اداروں کے علاوہ مرکز سے دیگر نئے تعلیمی اداروں کی منظوری کے لیے حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے کوششیں کی جارہی ہیں ۔ نو تشکیل شدہ ریاست آندھرا پردیش کے لیے ریاست کی تنظیم جدید بل میں قومی تعلیمی ادارے بشمول زرعی ، پٹرولیم اور سنٹرل یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ریاست میں برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے ریاست کے اضلاع میں ان قومی تعلیمی اداروں کے قیام کے سلسلہ میں اراضیات کی نشاندہی کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے اور حکومت کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق سریکاکلم میں قبائلی یونیورسٹی قائم کی جائے گی
جبکہ وشاکھا پٹنم میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ( آئی آئی ایم ) کے قیام کا منصوبہ ہے ۔ اسی طرح مشرقی گوداوری میں پٹرولیم یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور زرعی و سنٹرل یونیورسٹی کا قیام مغربی گوداوری میں عمل میں لائے جانے کا منصوبہ ہے ۔ ضلع کرشنا کے علاوہ گنٹور میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ( ایمس ) قائم کرنے کی تجویز ہے اور چتور میں میں آئی آئی ٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ حکومت آندھرا پردیش کے منصوبہ کے مطابق ضلع کرنول میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ( این آئی ٹی ) کے قیام پر غور کیا جارہا ہے ۔ حکومت آندھرا پردیش ان خصوصی ادارہ جات کے قیام کے لیے ماہرین کی نگرانی میں اراضیات کی نشاندہی کا عمل شروع کرچکی ہے اور خود وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش میں آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم کے قیام کے قومی منصوبہ کا اظہار کرتے ہوئے منقسم ریاست آندھرا پردیش کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ وزارت تعلیم و اعلی تعلیم حکومت آندھرا پردیش کے ذرائع کے بموجب مرکزی حکومت کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات موصول ہوتے ہی ریاستی حکومت حصول اراضیات کے لیے مہم شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے ہر ضلع کو تعلیمی ترقی و قومی اداروں کے ذریعہ ترقی فراہم کرتے ہوئے ان اضلاع کو عالمی افق پر روشناس کروایا جائے ۔۔