حیدرآباد 23 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کل 24 نومبر سے ایک ہفتہ طویل دورہ جاپان کا آغاز کریں گے جس کا مقصد آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کی ترغیب اور تعاون میں اضافہ ہے ۔ حکومت آندھرا پردیش کے مشیر پرکالہ پربھاکر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ جاپان کے موقع پر اس ملک کی طرف سے ہندوستان کو دیئے گئے واضح تیقنات سے استفادہ کرنے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں جزائیر پر مشتمل یہ ملک انفارمیشن ٹکنالوجی اور الیکٹرانکس کے شعبوں میں کافی ترقی یافتہ ہے ۔ پرکالہ پربھاکر نے مزید کہا کہ جاپان پہلے ہی بنگلور ۔ چنائی صنعتی راہداری کے فروع کے پراجکٹ میں شامل ہے ۔و زیر اعظم نے حال ہی میں جاپان کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر جاپان نے ہندوستان کیلئے تقریبا 30 ارب امریکی ڈالر کا وعدہ کیا جس کے منجملہ ہم امکانی طور پر زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہتے ہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ انفارمیشن ٹکنالوجی اور الیکٹرانکس میں ابتداء سے ہم جاپان پر توجہ مرکوز کرتے رہے ہیں۔ آندھرا پردیش میں نئے دارالحکومت کی تعمیر میں تعاون کیلئے بھی جاپان کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کی جائے گی۔چندرا بابو نائیڈو حال ہی میں سنگاپور کا دورہ کرچکے ہیں اور ان کے دورۂ جاپان کا مقصد بھی بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے، علاوہ ازیں نئے دارالحکومت کی تعمیر میں صنعتی طور پر ترقی یافتہ اس ملک سے تعاون حاصل کرنا ہے۔(متعلقہ خبر صفحہ 9 پر)