حیدرآباد۔/7 جنوری(سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن یکم فروری سے ٹاؤن پلاننگ سیکشن کے تحت عمارات کی اجازتوں کی اجرائی کے طریقۂ کار کو سہل بنانے اختراعی منصوبہ پر عمل کا منصوبہ بنایا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار کے بموجب جی ایچ ایم سی عمارات کے اجازت ناموں کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے زونل سطح پر بلڈنگ کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ عمارات کے اجازت ناموں کی درخواستیں معلومات اور درخواست فارم اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے آن لائن وصول کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ /20 تا /31 جنوری تجرباتی اساس پر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
عہدیداروں کو اس کیلئے تربیت دی جائیگی اور درخواست کا پتہ چلانا اس سے آسان ہوجائے گا جبکہ موجودہ طریقۂ کار میں سٹیزن چارٹنر میں صراحت کردہ وقت سے زائد طلب ہوتا ہے اور متعلقہ عہدیدار کو فائیل کی یکسوئی میں تاخیر پر یومیہ 50 روپیہ جرمانہ عائد ہوتا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ اس سے درخواست گذاروں کو مخصوص دستاویزات کے ادخال کیلئے بار بار چکر کاٹنے نہیں پڑیں گے اور درخواست گذار کو تاخیر پر سوال کاموقع حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن فائیل کے ادخال کے بعد درخواست گذار کو جی ایچ ایم سی سے ایک پیام موصول ہوگا کہ ان کی درخواست موصول ہوئی ہے اور معینہ وقت میں اسکی یکسوئی کردی جائے گی۔ شہری فائیل پر پیشرفت سے متعلق آن لائن آگہی حاصل کرپائیں گے اور انہیں پتہ چل جائیگا کہ فائیل کہاں زیر التوا ہے اور تاخیر کی وجہ کیا ہے۔