تعمیراتی اجازت ناموں کی متعینہ مدت میں اجرائی

درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات ، اروند کمار کا بیان
حیدرآباد۔20 اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے متعینہ مدت میں تعمیراتی اجازت ناموں کی اجرائی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ عوام جو کہ آن لائن تعمیراتی اجازت ناموں کے لئے درخواست داخل کر رہے ہیں انہیں سرکاری احکامات کے مطابق اندرون 21 یوم اجازت نامہ کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے۔ مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق نے آج حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ احکام جاری کئے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کے لئے حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر مؤثر عمل آوری یقینی بنائی جانی چاہئے ۔ انہوں نے ایل آر ایس کے تحت داخل کردہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کے سلسلہ میں ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ایم ڈی اے حدود میں موجود تمام درخواستوں کی تفصیل محکمہ بلدی نظم و نسق کو روانہ کی جائیں اور ان کی یکسوئی کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا جاتا رہے۔ مسٹر اروند کمار نے کہا کہ ایل آر ایس
کے تحت موجودہ درخواستوں کی جاریہ ماہ کے اختتام تک یکسوئی کو یقینی بنایا جائے۔ انہویں نے ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کو غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کیلئے عصری ٹیکنالوجی بالخصوص ڈرون کیمروں کے استعمال کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی بھی شہری علاقہ میں غیر مجاز تعمیرات کو برداشت نہیں کرے گی اور نہ ہی تعمیراتی اجازت ناموں کی اجرائی میں کی جانے والی کوتاہیوں پر خاموش تماشائی بنی نہیں رہے گی ۔اجلاس میں کمشنر حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی مسٹر چرنجیولو کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔