تعلیم یافتہ بیروزگار افراد کیلئے بیروزگاری بھتہ، ویب پورٹل کا افتتاح

2 اکٹوبر سے رقم کی اجرائی، چیف منسٹر اے پی چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج بیروزگاری بھتہ اسکیم ’’مکھیہ منتری یوانیتم‘‘ ویب سائیٹ کا رسمی طور پر افتتاح کیا۔ اس پورٹل میں بیروزگاری بھتہ، روزگار کے مواقع، ٹریننگ پروگرام، ادارہ جات بیروزگار افراد کی مکمل تفصیلات، نوجوانوں کی ضروریات وغیرہ کی مکمل تفصیلات شامل ہیں اور آدھار کارڈ نمبر رجسٹر کروانے کیساتھ ہی اپنی اہلیت سے متعلق مکمل معلومات فراہم ہوں گی اور 22 تا 35 سال کے دوران پی جی، ڈگری، ڈپلوما کی تکمیل اور سفید راشن کارڈ رکھنے والے بیروزگاری بھتہ کیلئے اہل ہوں گے جبکہ 2 اکٹوبر سے ’’مکھیہ منتری یوانیتم‘‘ اسکیم کے تحت استفادہ کنندوں کو ماہانہ ایک ہزار روپئے ’’بیروزگاری بھتہ‘‘ کی ادائیگی عمل میں لائی جائے گی۔ بعدازاں چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اپنا اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم حکومت ’’ایک نئی تاریخ رقم‘‘ کررہی ہے اور یہ اسکیم ایک تاریخی اہمیت کی حامل ہوگی۔ اس اسکیم کیلئے مختلف حالات کا جائزہ لیتے ہوئے اور عمل آوری پر بھی غوروخوض کرنے کے بعد ہی اس اسکیم کو مرتب کرنے کے اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خصوصی دلچسپی کا حامل پروگرام ’’مکھیہ منتری نیتم‘‘ کو تلگودیشم حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائے جانے پر بیروزگار نوجوانوں میں ایک نئی طاقت ابھر آئے گی۔ اس تقریب میں ریاستی وزراء مسٹر این لوکیش، کے رویندر و دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔