تعلیم کے ذریعہ مسلمانوں کو ماضی کا مقام حاصل کرنے کا مشورہ

دفتر سیاست میں فیض عام ٹرسٹ اسکالر شپس ہولڈرس کی کونسلنگ ، جناب زاہد علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام کو حاصل کرنے کے لیے تعلیم کے ذریعہ جستجو کرسکتے ہیں ۔ تعلیمی مواقع آج میسر ہیں ۔ اس سے بھر پور استفادہ کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے یہاں محبوب حسین جگر ہال میں فیض عام ٹرسٹ کے اسکالر شپ ہولڈرس کے کونسلنگ سیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کیا اور نوجوان طبقہ پر زور دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ صرف انجینئرنگ یا میڈیسن کو ہی اپنا کیرئیر نہ سمجھیں بلکہ تعلیمی شعبہ میں کئی اہم شعبہ حیات ہیں جہاں بہترین کیرئیر کے مواقع ہیں ادارہ سیاست کے کاوشوں کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ دو پرانے شہر کی لڑکیوں نے سال گذشتہ ٹریپل آئی ٹی میں آل انڈیا رینک پایا جس پر ادارہ سیاست نے ان کی مالی امداد کی اور دوسرے سال مختلف کارپوریٹ اداروں سے وابستہ ہو کر خود مکتفی ہوگئے ۔ آج لڑکیوں کا تعلیمی مظاہرہ بہت اچھا ہے لیکن ملت کے لڑکوں کو بھی آگے آنا چاہئے ۔ ادارہ سیاست کے کیرئیر گائیڈنس سیل سے بھر پور استفادہ کرنے کی طلبہ اور سرپرستوں سے اپیل کی ۔ جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے خیر مقدم کرتے ہوئے ٹرسٹ کے مقاصد پیش کئے اور اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ کو ان کا شاندار مستقبل بنانے کا مشورہ دیا کہ اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھیں ۔ محمد انور خاں نے طلبہ کو صحیح کورس کے انتخاب کے لیے منصوبہ بندی کا مشورہ دیا ۔ جناب شوکت علی مرزا چیرمین ہلپنگ ہینڈ نے طلباء سے کہا کہ وہ اونچی سوچ رکھیں اور صحیح پلاننگ کے ساتھ منزل کو نشانہ بنائیں ۔ ڈاکٹر محمد سمیع اللہ خاں نے اس موقع پر طلباء کو مختلف شعبہ جات میں ملازمتوں کے مواقع سے واقف کرواتے ہوئے پیرا میڈیکل شعبہ کو اپنانے کی بات کہی ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے طلبہ پر زور دے کر ان کے صلاحیت کو بروکار لانے کے لیے کمر بستہ ہوجائیں ۔ پروفیسر عارف علی واصف نے اپنے تجربات کی روشنی میں کہا کہ وہ انجینئرنگ کے بعد اکنامک کیے اور معاشیات کو ایک کم اہم مضمون نہ سمجھیں اس میں بھی شاندار کیرئیر کے مواقع ہیں ۔ مسٹر رضوان حیدر ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ نے اس قسم کے پروگرام کو موثر بتاتے ہوئے بغیر انتظار کیے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر شمشاد حسین صدر فیض عام ٹرسٹ موجود تھے ۔ دو ہونہار طالبات نے جو فیض عام ٹرسٹ سے مالی مدد حاصل کئے اپنے تعلیمی مظاہرہ کے شاندار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا بعد ازاں ایم اے حمید نے کیرئیر کونسلنگ سیشن میں تین گروپ کے ذریعہ سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کونسلنگ کی ۔ سید عبدالستار کی قرات سے آغاز ہوا ۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔۔
کسانوں کی حمایت میں اے پی کانگریس کااحتجاج
حیدرآباد26اپریل (یواین آئی) آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ رگھوویراریڈی کی قیادت میں کانگریس کے کارکنوں اور کسانوں کے ایک گروپ نے ضلع اننت پورمیں مویشیوں کے لئے چارہ اور پینے کے پانی کی کمی کے خلاف ضلع اننت پور کے مدکاسرا میں احتجاج کیا ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رگھوویرا ریڈی نے کہاکہ پینے کے پانی اور چارہ کی کمی کے سبب مویشی کافی کمزور ہوچکے ہیں۔ خشک سالی کی صورتحال پر چندرابابوبائیڈو حکومت مویشیوں کے تحفظ کے لئے مناسب انتظامات کرنے کے بجاے امراوتی اور دہلی کے بارے میں ہی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ پر افسروں کی توجہ دہانی کے لئے ہی یہ احتجاج کیا جارہا ہے ۔