نئی دہلی ۔ 26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) تعلیم اور صحت کو تمام کامیابیوں کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے اسکرائب ہاسپٹل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خالد انجم عثمانی نے کہا کہ اگر انسان کو یہ دونوں چیزیں حاصل ہوجائیں تو وہ کسی بھی میدان میں کامیابی و کامرانی کا پرچم بلند کرسکتا ہے ۔ یہ بات انہوں نے فری ڈینٹل میڈیکل کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ افسوسناک بات یہ ہے کہ مسلمان دونوں ہی شعبے میں کافی پیچھے ہیں، ان کے پاس نہ تو بہترین اور معیاری تعلیم گاہیں ہیں اور نہ ہی علاج کیلئے بہترین اسپتال۔ جس کی وجہ سے ان کا صحیح طریقے سے اور مناسب خرچ پر علاج نہیں ہوپاتا اور آج مسلمان اور خاص طورپر مسلم خواتین کئی طرح کی بیماریوں سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کرائب ہاسپٹل نے کئی اقدامات کئے ہیں اور متعدد جگہوں پر اسپتال کی شاخیں کھولنے کا عزم کررکھا ہے جس میں اس سال کے اواخر یا نئے سال کے شروعات میں مدھوبنی (بہار) میں سو بستر والا جدید سہولت سے لیس اسپتال شروع ہوجائیگا۔انہوں نے بتایاکہ اسی کے ساتھ گڑگاؤں میں 2018میں ایک اسپتال بن کر تیار ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ اترپردیش میں اسپتال بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔