تعلیمی شعبہ کو فروغ دینے حکومت کے اقدامات

جی ڈی پی کاقابل لحاظ حصہ تعلیمی شعبہ پر خرچ کیاجائیگا:پربھو
نئی دہلی ۔30 اکتوبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت تعلیمی شعبہ کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ ملک کی معیشت میں ہونے والی ترقی کے ایک قابل لحاظ حصہ کو تعلیم پر خرچ کیا جائیگا ۔ وزرات کامرس و صنعت سریش پربھو نے کہا کہ ملک کا سرویس سیکٹر فی الحال ہندوستان کی مجموعی اندرون ملک پیداوار کا دو تہائی حصہ تعلیم پر خرچ کررہا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس حصہ میں اضافہ کیا جائے ۔ معیشت میں اس شعبہ کو ہونیوالی آمدنی کے بڑے حصہ کو تعلیم پر خرچ کیا جائے گا ۔ ملک میں تعلیم ہی سب سے اہم شعبہ ہے اور ہم اس کو فروغ دیں گے ۔ انھوں نے یہاں منعقدہ اعلیٰ تعلیم چوٹی کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے تاکہ تعلیمی شعبہ کو لاحق سہولیات کو پورا کیا جاسکے ۔ روزگار پیدا کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے اس لئے اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے سرویس سیکٹر کی پیداوار میں فروخت کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ فبروری میں مرکزی کابینہ نے 12 چمپیئن سرویس سیکٹر پر توجہ مرکوز کرنے کافیصلہ کیا تھا ، اس سے اس مسئلہ کو حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ نوڈل وزارتوں کی نشاندہی کی گئی اور مختلف محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ تعلیم کے شعبہ کو زیادہ سے زیادہ فنڈس مختص کریں ۔