ملک کے مختلف مقامات پر روڈ شوز کے مثبت نتائج
حیدرآباد 5دسمبر(یواین آئی ) علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بیرونی ممالک کے سیاحوں کی تعداد میں 113فیصد اور ملک کے سیاحوں کی تعداد میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔یہ اضافہ ریاست کے دیگر علاقوں کے ساتھ دارالحکومت حیدرآباد کے سیاحتی مقامات دیکھنے والوں کی تعداد میں ہوا ہے ۔تلنگانہ کے محکمہ سیاحت کے ساتھ دیگر محکمہ جات کی مساعی کے نتیجہ میں یہ اضافہ ہوا ہے ۔سال 2015میں دہلی ، جئے پور،گوہاٹی اور سلی گڑی میں سیاحتی مقامات کے سلسلہ میں روڈ شوز کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں وہاں کے کئی افراد کو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ حیدرآباد نئی ریاست تلنگانہ کا دارالحکومت ہے نہ کہ آندھراپردیش کا ۔ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سے سیاحتی مقامات کے سلسلہ میں ملک کے دیگر مقامات پر کئی روڈشوز ،کلچرل پروگراموں ، قومی ، بین الاقوامی کانفرنس ،فوڈ فیسٹولس کا اہتمام کیا گیا تاکہ تلنگانہ سے متعلق سیاحت کے امکانات پر بیداری پیدا کی جاسکے ۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد فرید آباد، ہریانہ میں بین الاقوامی کرافٹ میلے منعقد کئے گئے تاکہ تلنگانہ کی تہذیب اور کرافٹس کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کی جاسکے اور یہاں سیاحت کو راغب کیا جاسکے ۔ایسے تہذیبی پروگراموں، روڈ شوز اور کانفرنسوں کا اہتمام لندن ، شنگھائی میں بھی کیا گیا جس کے نتیجہ میں ہندوستان کی نئی ریاست تلنگانہ میں سیاحوں کو راغب کیا جاسکے ۔