استبنول۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے مبینہ جاسوس نے جیل میں خود کشی کرلی۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے پراسکیوٹر دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملزم کی شناخت زکی وائے ایم حسن کے نام سے ہوئی ہے، جس نے استنبول کے مغربی علاقے میں قائم جیل کے باتھ روم میں خود کو پھانسی کا پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس روز صبح مبینہ جاسوس نے حاضری کے رجسٹر میں اپنا نام اندراج کروایا تھا، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور استنبول کا فرانزک انسٹیٹیوٹ لاش کا پوسٹ مارٹم کررہا ہے۔خیال رہے کہ خود کشی کرنے والا شخص ان 2 عرب شہریوں میں سے ایک تھا جن پر بین الاقوامی، سیاسی اور فوجی جاسوسی کا الزام لگایا گیا تھا۔ترک حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو 19 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہوں نے اس موقع پر جاسوسی کا اعتراف بھی کیا تھا۔متحدہ عرب امارات کے حکام فوری طور پر اس معاملے پر رد عمل دینے کے لیے دستیاب نہیں ہوسکے ۔