ترکی کے نئے وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

انقرہ۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر رجب طیب اردغان کے کٹر حلیف کی زیر قیادت ترکی کی نئی حکومت نے آج پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ جیت لیا۔ گزشتہ ہفتہ احمد دعوت گلو کے مقام پر بن علی یلدرم کو نیا وزیراعظم منتخب کیا گیا تھا۔ اسپیکر پارلیمنٹ اسماعیل خرامان نے بتایا کہ حکومت کی تائید میں 315 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 138 نے مخالفت کی۔ بن علی یلدرم نے مختلف خطاب کرتے ہوئے جمہوریت کے سفر کو آگے بڑھانے کا وعدہ کیا۔
ایران کے قدامت پسند اسپیکر کا انتخاب
تہران۔29مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) معتدل مزاج قدامت پسند علی لاری جانی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے طور پر دوبارہ منتخب کرلئے گئے ‘حالانکہ فبروری کے انتخابات میں اصلاح پسندوں کو اکثریت حاصل ہوئی ۔گذشتہ سال نیوکلیئر معاہدہ کی ان کی تائید کی وجہ سے ہی موجودہ کامیابی ممکن ہوسکی ۔ اصلاح پسندوں میں رائے دہی کے وقت پھوٹ پڑگئی تھی ۔ اصلاح پسندوں کے امیدوار محمد رضا عارف 173 کے مقابلہ میں 103ووٹ حاصل کر کے ناکام ہوگئے ۔ اس طرح اعتدال پسند صدر ایران حسن روحانی کی پالیسیوں کی توثیق ہوگئی ہے ۔