بیروت ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شام کے جہدکاروں کے بیان کے مطابق ترک فضائیہ نے حکومت حامی شامی جنگجوؤں کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جنہیں گذشتہ ہفتہ ہی کرد علاقہ عفرین میں تعینات کیا گیا تھا جس میں کئی جنگجو ہلاک اور کئی جنگجو زخمی ہوگئے۔ برطانیہ میں موجود سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہیکہ فضائی حملہ کل جامع نامی موضع میں کئے گئے جس میں 17 جنگجو ہلاک ہوئے جنہیں عام طور پر پاپولر فورسیس کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس دوران شام میں موجود کرد ملیشیا جسے وائی پی جی کے نام سے جانا جاتا ہے، نے بھی فضائی حملہ کی توثیق کی اور یہ بھی بتایا کہ اس میں کئی جنگجو ہلاک اور کئی جنگجو زخمی ہوئے۔ فضائی حملے ترکی میں تیار کئے گئے ATAK ہیلی کاپٹرس سے کئے گئے جس نے عفرین کے مغربی علاقہ کو نشانہ بنایا اور نو ’’دہشت گردوں‘‘ کو مار گرایا۔ مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی البتہ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا فضائی حملے آٹھ ترک فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے کئے گئے تھے جو کل ایک حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔