ترکی کی جانب سے آڈیو ریکارڈنگ جاری

فضائی حدود کی خلاف ورزی پر روسی طیارہ کو وارننگ کا ثبوت
انقرہ 26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی نے آج کچھ آڈیو ریکارڈنگس جاری کئے جو اس کے مطابق اس روسی طیارہ کے پائلٹ کو ترک فوج کی جانب سے دی گئی وارننگس پر مشتمل ہیں جس کو شام کی سرحد کے قریب مار گرایا گیا تھا ۔ ان ریکارڈنگس میں یہ واضح کیاگیا ہے کہ اس طیارہ کو کئی مرتبہ خبردار کیا گیا کہ وہ ترکی کی فضائی پٹی کی سمت بڑھ رہا ہے اور اس سے راستہ بدلنے کو کہا گیا تھا ۔ ترکی نے روسی طیارہ Su-24 کو منگل کو مارگرایا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ اس نے کئی مرتبہ خبردار کرنے کے باوجود ترک فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی ۔ اس طیارہ کو مار گرائے جانے کے واقعہ میں بچ جانے والے روسی پائلٹ نے تردید کی کہ اس کے طیارہ نے ترکی کی فضائی حدود میں داخلہ لیا تھا ۔ اس نے ترکی کے اس ادعا کو بھی مسترد کردیا تھا کہ ترکی کی جانب سے روسی عملہ کو کئی مرتبہ خبردار کیا گیا تھا ۔ جملہ دس آڈیو کلپس کو ترک وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کیا گیا ہے اور اسے ترک مسلح افواج سے حاصل کیا گیا ہے ۔ ریکارڈنگس میں ایک آواز سنی جا رہی ہے جس میں ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ترک ائر فورس آن گارڈ کی جانب سے بول رہے ہیں اور روسی طیارہ ترک فضائی حدود کی سمت پیشرفت کر رہا ہے ۔ اسے راستہ بدل لینا چاہئے ۔ بیشتر آڈیوز میں محسوس کیا گیا کہ بارہا وارننگ کی وجہ سے آواز اور لہجہ سخت ہوتا جا رہا ہے ۔ منگل کو پیش آیا واقعہ گذشتہ نصف صدی کا پہلا واقعہ ہے جس میں ناٹو کے کسی رکن ملک نے ایک روسی طیارہ کو مار گرایا ہے ۔ روس نے طیارہ مار گرائے جانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔