ترکی کا طیارہ رَن وے پر پھسل گیا ، مسافرین محفوظ

کٹھمنڈو۔4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹرکش ایرلائینز کے ایک طیارہ میں سوار 240 مسافرین اُس وقت بال بال بچ گئے جب طیارہ لینڈنگ کے وقت رن وے سے پھسل گیا۔ کٹھمنڈو ایرپورٹ پر اس وقت دبیز دھند کی چادر تھی جہاں طیارہ رن وے سے پھسل کر گھاس پھوس والے علاقہ تک چلا گیا۔ استنبول سے روانہ ہوئی ایربس A330 کٹھمنڈو کے تربھون انٹرنیشنل ایرپورٹ کے رن وے سے پھسل کر دور تک چلی گئی، کیونکہ لینڈنگ کے وقت پائلٹ نے سنٹرل لائن کو دُھند کی وجہ سے نہیں دیکھا۔ 227 مسافرین اور عملہ کے 11 افراد بال بال بچ گئے۔ انہیں ہنگامی حالات میں استعمال کئے جانے والے دروازے سے باہر نکال لیا گیا۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔