انقرہ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک خاتون خودکش بمبار نے ترکی شہر برسا میں خود کو دھماکہ سے اڑا دیا جس سے 13 افراد زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ برسا کی جامع مسجد کے پاس پیش آیا جو چودھویں صدی عیسوی کی قدیم تاریخی عمارت ہے اور شہر برسا کی نمائندہ سمجھی جاتی ہے۔ خلافت عثمانیہ کے دور میں یہ شہر دارالحکومت تھا ۔ خاتون خودکش بم بردار کے دھماکہ سے اڑا دینے کی اطلاع کی فوج کی جانب سے بھی توثیق ہوچکی ہے۔ اخباری اطلاعا ت کے بموجب خودکش بم بردار 25 سالہ خاتون تھی۔ اس حملہ کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے تاحال قبول نہیں کی ہے۔ زبردست دھماکہ سے مسجد کے قریب کی دکانوں کی کھڑکیوں کے شیشے چکناچور ہوگئے۔ ٹی وی کی جھلکیوں کے بموجب زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کردی اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔