استنبول،6دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل معاملہ میں ترکی نے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کے 2سابق مشیروں احمد العسیری اور سعود القحطانی کے وارنٹ جاری کئے ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق عدالتی دستاویز میں ملزمان کو قتل کا منصوبہ ساز قرار دیا گیا ہے ۔ احمد العسیری جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ تھے جبکہ قحطانی ولیعہد کے اہم مشیر تھے ۔سعودی عرب کی جانب سے خشوگی کے اپنے سفارت خانے میں قتل کا اعتراف سامنے آنے کے بعد دونوں کو برطرف کردیا گیا تھا ۔دوسری جانب امریکی وزیردفاع جم میٹس کا صحافیوں سے گفتگو میں کہناہے کہ جمال خشوگی کے قتل پر کچھ کہنے سے پہلے مزید شواہد درکار ہیں ۔جم میٹس نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حقیقت جاننے کے لیے مزید شواہد حاصل کرلیں گے ، فی الحال انہیں علم نہیں کہ آگے کیا ہوگا اور کسے قتل کا ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔