نئی دہلی 7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) استنبول جانے والی ترکش ائرلائین کی ایک پرواز نے آج دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی ۔ طیارہ میں 148 مسافرین سوار تھے اور اس نے بنکاک سے اڑان بھری تھی ۔ کہا گیا ہے کہ بم کے اندیشے کے تحت یہ ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی ۔ طیارہ ائر بس 330 نے آج دن میں ایک بجکر 41 منٹ پر محفوظ لینڈنگ کی جبکہ یہاں مکمل ایمرجنسی اقداما ت تیار رکھے گئے تھے ۔ سیکوریٹی ایجنسیوں کو بعد ازاں طیارہ میں کوئی دھماکو شئے نہیں ملی جس کے بعد اسے پرواز کی اجازت دیدی گئی۔سکریٹری شہری ہوابازی آر این چوبے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ طیارہ میں کوئی بھی مشتبہ شئے برآمد نہیں ہوئی اور اسے پرواز کی اجازت دیدی گئی۔ ذرائع نے کہا کہ پائلٹ کو مطلع کیا گیا تھا کہ طیارہ کے واش روم کے آئینہ پر لپ اسٹک سے تحریر تھا کہ طیارہ کے کارگو حصے میں بم ہے ۔ اس کے بعد پائلٹ نے ناگپور اے ٹی سی سے وہاں لینڈنگ کی اجازت مانگی تاہم انہیں دہلی اے ٹی سی سے رابطہ کی ہدایت دی گئی ۔ اس کے بعد طیارہ کا رخ دہلی کو موڑ دیا گیا ہے اور جہاں اس نے بحفاظت لینڈنگ کی تھی۔