بیروت۔ 23؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ شام کے انسانی حقوق کارکنوں اور ترکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دھماکو مادّوں سے لدی ہوئی ایک گاڑی ترکی کی سرحد کے قریب ایک فیلڈ ہاسپٹل کے روبرو دھماکہ سے اڑادی گئی۔ برطانیہ کی شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق اور ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارہ انادولو کے بموجب یہ واقعہ باغیوں کے زیر قبضہ شمال مغربی شامی قصبہ اتمیہ میں پیش آیا۔ ترکی خبر رساں ادارہ کے بموجب کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ ہاسپٹل میں جو کافی وسیع و عریض ہے، ہزاروں بے گھر شامی پناہ گزین تھے۔ بم حملہ سے کتنے افراد ہلاک ہوئے، ہنوز معلوم نہیں ہوسکا۔ 20 فروری کو باب السلامہ کو نشانہ بناکر ایک کار بم حملہ شمالی شام کے ایک اور حصہ میں جو سرحدی چوراہے کے قریب ہے، کیا گیا تھا۔ اس علاقہ میں باغیوں کے گروپس اور القاعدہ سے علیحدہ ہونے والے گروپس اسلامی مملکت عراق اور لیوانٹ کا غلبہ ہے۔
چینی بحری جہاز متنازعہ آبی حدود میں
ٹوکیو۔ 23؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ تین چینی ساحلی محافظ بحری جہاز تنازعہ آبی حدود میں سفر کرتے دیکھے گئے ہیں۔ مشرقی بحر چین کے علاقہ میں جاپان زیر اقتدار جزائر کے ساحل کے قریب ان بحری جہازوں کو 12 بحری میل فی گھنٹہ کی رفتار سے متنازعہ سمندری علاقہ میں سفر کرتے دیکھا گیا۔ جاریہ سال یہ پانچویں مرتبہ ہے جب کہ سرکاری چینی بحری جہاز اس علاقہ میں داخل ہوئے ہیں۔ گزشتہ چھ دن میں یہ ان بحری جہازوں کا اس علاقہ میں پہلا داخلہ ہے۔