حیدرآباد /27 ڈسمبر ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر مال این رگھوویرا ریڈی نے آج کہا کہ سیما آندھرا علاقہ کے تمام قائدین کو چاہئے کہ وہ اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ریاست کی تقسیم کی مخالفت کریں اور صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو حلفنامییپش کریں ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ تمام ارکان کو اسمبلی میں اپنے نظریات کے اظہار کی آزادی حاصل ہے ۔ مسٹر رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ تروپتی میں لارڈ وینکٹیشورا مندر کے دامن میں دوسرے مذاہب کے کسی بھی قسم کے ڈھانچہ ( عمارت ) کی تعمیر ناقابل قبول ہے ۔ مسٹر رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ تروپتی میں اسلامی یونیورسٹی عمارت کی تعمیر کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی کیونکہ یہ ہندوؤں کے مفادات کے خلاف ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اس ضمن میں قانونی طریقہ کار کے مطابق کام کر رہی ہے ۔ تروپتی میں اسلامی یونیورسٹی کے قیام کی بی جے پی اور چند دوسری جماعتیں پہلے ہی مخالفت کرچکی ہیں۔