تروپتی حلقہ کا ضمنی انتخاب تلگودیشم کی ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی

حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری(سیاست نیوز) آندھراپردیش کے اسمبلی حلقے تروپتی کے ضمنی چناؤ میں برسر اقتدار تلگو دیشم نے ریکارڈ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی جبکہ کانگریس کی ضمانت ضبط ہوگئی ۔ تلگو دیشم امیدوار ایم سگنا نے کانگریسی امیدوار آر سری دیوی کو ایک لاکھ 16 ہزار 524 ووٹ کی اکثریت سے شکست دیدی ۔ تلگو دیشم رکن اسمبلی ایم وینکٹ رمنا کے انتقال سے یہاں ضمنی چناؤ ہوا۔ تلگو دیشم امیدوار ایم سگنا آنجہانی رکن اسمبلی کی بیوہ ہیں، انہیں جملہ ایک لاکھ 26 ہزار 152 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ کانگریسی امیدوار آر سری دیوی کو صرف 9628 ووٹ ملے۔ اس طرح کانگریس کی ضمانت ضبط ہوگئی ۔ تلگو دیشم نے دعویٰ کیا تھا کہ اسکی امیدوار کو ایک لاکھ کی اکثریت حاصل ہوگئی۔ یہ دعویٰ نتائج کے بعد درست ثابت ہوا۔ لوک ستہ کی امیدوار کے بالا سبرامنیم کو 3819 ووٹ ملے جبکہ 2152 رائے دہندوں نے تمام امیدواروں کو مسترد کرکے نوٹا کا استعمال کیا۔ اہم اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس نے ضمنی چناؤ میں حصہ نہیں لیا کیونکہ برسرخدمت رکن اسمبلی کے انتقال کی صورت میں کسی رشتہ دار کے مقابلہ کرنے کی صورت میں دیگر جماعتوں کی جانب سے مقابلہ نہ کرنے کی روایت شروع کی گئی جس کی وائی ایس آر کانگریس نے پاسداری کی جبکہ کانگریس نے اپنا امیدوار کھڑا کیا۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی سے ضمنی چناؤ میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔