ترون تیج پال کے خلاف 5 فروری تک فرد جرم عائد کی جائے گی

پنجی۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) تہلکہ کے بانی ترون تیج پال کے خلاف جنسی ہراسانی معاملہ میں فرد جرم آئندہ ہفتہ عائد کی جائے گی۔ کرائم برانچ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس معاملہ کی تحقیقات تقریباً مکمل ہوچکی ہیں اور فرد جرم کا ادخال 5فبروری تک ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہے کہ تہلکہ میگزین میں برسر کار سابق خاتون جونیر صحافی نے الزام عائد کیا تھا کہ تیج پال نے ایک پانچ ستارہ ہوٹل کی لفٹ میں اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ گذشتہ سال نومبر میں ایک تقریب کے دوران دونوں اس ہوٹل میں مدعو تھے۔ 30نومبر کو گوا کی کرائم برانچ نے 50 سالہ تیج پال کو گرفتار کرلیا تھا کیونکہ ایک مقامی عدالت نے تیج پال کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کو مسترد کردیا تھا۔ عدالتی تحویل میں دیئے جانے کے بعد تیج پال فی الحال سداسب جیل میں محروس ہیں۔ تحقیقاتی افسر نے اس کیس سے متعلق متعد د بیانات ریکارڈ کئے ہیں جن میں تہلکہ کی سابق منیجنگ ایڈیٹر شوما چودھری اور تیج پال کی دختر بھی شامل ہیں۔

جسٹس ستیش چندر کا تبادلہ
لکھنؤ۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے الہ آباد ہائی کورٹ لکھنؤ بنچ کے مسٹر جسٹس ستیش چندر کا لکھنؤ سے الہ آباد تبادلہ کردیا ہے اس کے بعد لکھنؤ کے وکلاء نے اپنی چار روزہ ہڑتال واپس لے لی ہے۔ہڑتال واپس لینے کا باقاعدہ اعلان کل اودھ بار اسوسی ایشن کے جلسہ میں کیا جائے گا۔ جسٹس ستیش نے ان کے خلاف قابل اعتراض جملے کہے تھے جس پر بار اسوسی ایشن نے بائیکاٹ کیا تھا۔