پنجی ۔ 2 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت تہلکہ کے بانی و ایڈیٹر ترون تیج پال جو ان کے ساتھ کام کرنے والی خاتون صحافی کی عصمت ریزی کے ملزم ہیں، نے ترون کو ان کی علیل والدہ سے کل ملاقات کرنے کی اجازت دی ہے ۔ فاسٹ ٹریک کورٹ کے جج وجئے پول نے تیج پال کی جانب سے داخل کردہ درخواست کو مشروط طور پر منظور کیا جس کی تکمیل انہیں بہرحال کرنی پڑے گی۔ تیج پال شمالی گوا کے موضع موئیرا میں اپنی علیل والدہ سے ملاقات کریں گے ۔
قبل ازیں عدالت نے انہیں 15 مارچ کو علیل والدہ سے ملاقات کی اجازت دی تھی ۔ 50 سالہ تیج پال نے اپنی درخواست میں ادعا کیا تھا کہ ان کی والدہ دماغ کی رسولی کی مریضہ ہیں اور اپنی زندگی کے آخری مراحل میں ہیں لہذا ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے جس کے بعد عدالت نے انہیں کل اپنی والدہ سے صرف ایک گھنٹہ کی ملاقات کی اجازت دی اور یہ بھی کہا کہ اگر تیج پال اپنی والدہ سے دوبارہ ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے انہیں تازہ درخواست داخل کرنی ہوگی ۔ یاد رہے کہ ترون تیج پال کو گزشتہ سال 30 نومبر کو مبینہ طور پر اپنی خاتون جونیئر کی عصمت ریزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں پنجی سے 40 کیلو میٹر دور واسکو ٹاؤن کی سداسب جیل میں محروس رکھا گیا ہے۔