لیما (پیرو) 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ مساوات کا مستحکم علمبردار ہے، آج کہاکہ ترقی یافتہ ممالک کو سبز مکانی گیسوں کے اخراج سے ماحولیات کے متاثر ہونے پر ترقی پذیر ممالک کو اِس کا معاوضہ ادا کرنا چاہئے۔ عبوری سربراہ ہندوستانی وفد سشیل کمار نے کہاکہ ہندوستان کا مقصد اقوام متحدہ کی تبدیلی ماحولیات چوٹی کانفرنس کے مذاکرات میں شرکت سے صرف یہ ہے کہ سبز مکانی گیسوں کے ماحولیات پر مہلک اثرات سے متاثر ہونے والے ترقی پذیر ممالک کو ترقی یافتہ ممالک سے اِس کا معاوضہ دلوایا جائے۔ وزارتی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتہ شروع ہوں گے جس میں ہندوستان کے وزیر ماحولیات پرکاش جاؤدیکر 7 ڈسمبر سے شرکت کریں گے۔ سشیل کمار نے کہاکہ ہندوستان ہمیشہ سے مساوات کا مستحکم علمبردار رہا ہے اور چاہتا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ممالک کو اس اخراج سے ماحولیات پر مرتب ہونے والے مہلک اثرات کا معاوضہ ادا کریں۔