ترقی پذیر ممالک میں تعلیمی بحران کا خطرہ

نیویارک۔ 23جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے ترقی پذیر ممالک کے تعلیمی شعبوں میں بحران سے خبردار کیا ہے۔ بچوں کی فلاح و بہبود کے ادارے یونیسف کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں چھوٹی عمر کے 58 ملین بچے پرائمری اسکول نہیں جاتے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئے آبادی کے ساتھ ساتھ صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ اس طرح عالمی برادری 2015ء تک تمام بچوں کو بنیادی تعلیم سے آراستہ کرنے کا اپنا مقررہ نشانہ حاصل نہیں کر پائے گی۔ یونیسف نے یہ رپورٹ داووس میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران پیش کی۔