ترقیاتی کاموں کے نام پر کھدائی عوام کیلئے درد سر

حیدرآباد۔15مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میںمحکمہ بلدیہ کی جاری سرگرمیاں عوام کے لئے درد سر بنی ہوئی ہیں۔ عوام کو اطلاع دئے بغیر ہی بلدی حکام سیوریج لائن کی تنصیب کے نام پر کھدوائی کے ذریعہ پورے علاقہ کو گڑھوں میں تبدیل کررہے ہیںجس سے اسکول او ردفتری اوقات میںعوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔گنجان آبادی والے علاقہ عالی جاہ کوٹلہ کی چیونٹی شاہ بستی میںپچھلے دوماہ سے محکمہ بلدیہ کی تعمیری سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مذکورہ علاقہ میںاسکول ‘ شادی خانہ اور دو محکمہ سیول سپلائی کے فیر پرائز دوکانیںبھی ہیںجہاں پر ہر مہینے کی بیس تاریخ تک عوام بالخصوص برقعہ پوش خواتین کا ہجوم لگا رہتا ہے جو سبسیڈی پر ملنے والا اناج ‘ کیروسین تیل مذکورہ دوکانوں سے حاصل کرتے ہیں۔ جاری تعمیرسرگرمی میںمحکمہ بلدیہ کی سست رفتاری کے سبب مقامی لوگ اپنے گاڑیاں محلے کے باہر کھڑا کرنے پر مجبو ر ہوگئے ہیں ستم ظریفی یہ ہے کہ محلے چیونٹی شاہ میدان میںداخلہ کیلئے دو راستے ہیںایک راستہ کوٹلہ عالیجاہ سے اور دوسرا راستہ دھرما ونت کالج یاقوت پورہ کے بازو کی گلی سے اور دونوںہی جانب سے بلدی عملے نے کھدوائی کا کام کیاہے جس کے سبب مقامی بالخصوص محلے کے معصوم بچے‘ بزرگ اور خواتین شکستہ راستوں سے گذرنے پر مجبو ر ہوگئے ہیں۔ چیونٹی شاہ میدان کے عقب میںواقع جھنڈہ میدان بھی بلدی عہدیداروں کی کوتاہی اور غفلت کاشکار ہے۔مذکورہ میدان نشیبی علاقے میںہونے کے سبب ہلکی سی بارش میدان کو تالاب میںتبدیل کردیتی ہے ۔ رات کے اوقات میں چیونٹی شاہ ‘ جھنڈہ میدان میںلوگوں کی آمد ورفت گویا موت کے کنویں میں چلنے پھرنے کے مترادف بنی ہوئی ہے۔