ترقیاتی کاموں کیلئے ارکان کونسل کے فنڈس کی منظوری

اعظم پورہ اور ملک پیٹ میں وٹرنری سنٹرس کی تعمیر اور ونستھلی پورم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب
حیدرآباد۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) محکمہ پلاننگ نے تین ارکان قانون ساز کونسل کی جانب سے منظورہ ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں احکامات جاری کیے ہیں۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنے حلقے کے ترقیاتی فنڈس کے تحت دو کاموں کے لیے بالترتیب 30 لاکھ اور 40 لاکھ روپئے منظور کیے ہیں۔ سکریٹری فینانس کے رام کرشنا رائو کی جانب سے جاری کردہ جی او کے مطابق وزیر داخلہ نے گورنمنٹ پرائمری وٹرنری سنٹر اعظم پورہ کی تعمیر کے لیے 30 لاکھ روپئے کی منظوری دی۔ ضلع کلکٹر حیدرآباد کو مذکورہ رقم محکمہ فینانس سے جاری کی جارہی ہیں۔ ضلع کلکٹر حیدرآباد کو تعمیری کاموں کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ کام کسی اور اسکیم کے تحت شروع نہیں کیا گیا۔ محمد محمود علی نے گورنمنٹ پرائمری وٹرنری سنٹر محبوب گنج ملک پیٹ کی تعمیر کے لیے حلقے کے ترقیاتی فنڈ کے تحت 40 لاکھ روپئے منظور کیے ہیں۔ ضلع کلکٹر حیدرآباد کو اس رقم کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے اور محکمہ فینانس سے مذکورہ رقم جاری کی گئی۔ سکریٹری محکمہ فینانس نے ضلع کلکٹر حیدرآباد کو ہدایت دی کہ وہ اس کام کی تکمیل سی ڈی پی کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق انجام دیں۔ ایک اور رکن کونسل محمد سلیم نے شانتی نگر کالونی ونستھلی پورم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لیے 5 لاکھ روپئے منظور کیے۔ محکمہ فینانس نے مذکورہ رقم کے استعمال کی اجازت دیتے ہوئے ضلع کلکٹر رنگاریڈی کو احکامات جاری کیے ہیں۔ اسکیم کے تحت مقررہ رہنمایانہ خطوط کو ملحوظ رکھا جائے گا۔