تحقیر عدالت کی نوٹس پر مداخلت سے سپریم کورٹ کا انکار

بامبئے ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کرنے ارون دھتی رائے کو ہدایت
نئی دہلی ۔/22جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج نامور ادیب ارون دھتی رائے کے خلاف بامبئے ہائی کورٹ کی جاری کردہ فوجداری تحقیر نوٹس پر حکم التواء سے انکار کردیا ہے جنہوں نے ایک ہفتہ وار میگزین میں تحریر کردہ مضمون میں دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر جی ایم سائی بابا کی مسلسل قید و بند پر سوال اٹھائے تھے۔ عدالت العالیہ نے انہیں ہائیکورٹ ناگپور بنچ کے واحد جج کے روبرو 25جنوری کو شخصی حاضری سے استثنی بھی نہیں دیا ہے ۔ پیر کے دن شخص طور پر حاضری کی ہدایت دیتے ہوئے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے ارون دھتی رائے کی داخل کردہ عرضی پر بنچ نے مدعی علیہان کو نوٹس جاری کردیا ہے ۔ ادیبہ کے نمائندہ وکیل چندریادو سنگھ نے یہ استدلال پیش کیا کہ جذبات مشتعل کردینے سے ان کی موکلہ کے پتلے نذر آتش کئے جارہے ہیں لہذا انہیں شخصی طور پر حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ معاملہ کا احتیاط سے جائزہ لینے کے بعد یہ احکامات جاری کئے ہیں۔جسٹس ایس کھیہر اور جسٹس سی ناگاپن پر مشتمل ٹیم نے کہا کہ عدالت میں حاضری کیلئے انہیں ( رائے ) خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ، تم بلا خوف و خطر جاسکتے ہیں ،ہم یہاں موجود ہیں ہم نے کارروائی شروع کردی ہے۔