حیدرآباد۔3ستمبر (سیاست نیوز) دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش کے علاوہ ملک بھر میں عیدالاضحی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی اور ریاست کے بیشتر مقامات پر عید الاضحی کے خصوصی اجتماعات دیکھے گئے جہاں مسلمانوں نے بڑی تعداد میں صلواۃ العید الاضحی ادا کی ۔ شہر حیدرآباد میں نماز عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میر عالم پر دیکھا گیا جہاں مولانا محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے خطبہ دیا اور نماز عید کی امامت کی ۔ قبل ازیں مولانا محمد سیف اللہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ کے علاوہ امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے فضائل عید الاضحی بیان کئے ۔ مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ نے فضائل عید الاضحی بیان کرتے ہوئے جذبہ قربانی پیدا کرنے اور عید الاضحی کے حقیقی پیام کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بندہ کو اللہ سے رجوع ہوتے ہوئے اپنے جذبہ ایثار کو پیش کرنا چاہئے۔ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو متحد رہتے ہوئے حالات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ جس طرح سے شریعت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اسے کامیاب ہونے نہیں دیا جانا چاہئے اور اس کے لئے مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہئے۔ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے بتایا کہ عیدالاضحی کا بنیادی درس اتباع اور احکام الہی کی پابجائی کرنا ہے اور ان پر عمل آوری کے ذریعہ ہی اللہ کی خوشنودی حاصل کی جا سکتی ہے۔ شیخ الادب جامعہ نظامیہ مولانا محمد سیف اللہ نے اپنے خطاب کے دوران دینی درسگاہوں کی اہمیت اور عیدین کے موقع پر اللہ کے رسول ﷺ کے اعمال سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے عیدین کے موقع پر غرباء و مساکین کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کی تلقین کی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ عید الاضحی کے موقع پر کی جانے والی قربانی اللہ کے حکم کی اتباع کا عملی درس ہے ۔ مولانا سیف اللہ نے تحفظ شریعت کیلئے شرعی احکام پر عمل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم احکام شریعت پر عمل کے ذریعہ ہی ان کا بہتر انداز میں تحفظ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کی مرکزی مساجد مکہ مسجد‘ مسجد عزیزیہ ‘ شاہی مسجد باغ عامہ‘ مسجد حج ہاؤز‘ عیدگاہ مادننا پیٹ میں حافظ و قاری سید شاہ محمد یوسف مدنی امام و خطیب نے امامت و خطابت کے فرائض انجام دیئے۔ عید گاہ بالامرائی ‘ عید گاہ عنبر پیٹ‘ عید گاہ شاہین نگر‘ عید گاہ فرسٹ لانسرز‘ عیدگاہ گنبدان قطب شاہی کے علاوہ دیگر عیدگاہوں اور مساجد میں بھی مصلیان کی کثیر تعداد دیکھی گئی ۔ عیدگاہ عنبر پیٹ میں نماز عید مولانا محمد عبدالعلی صدیقی نے پڑھائی۔ قبل ازیں مولانا ڈاکٹر سید حمید الدین شرفی نے فضائل عید پر مفصل بیان کیا۔قدیم عیدگاہ گنبدان قطب شاہی گولکنڈہ میں مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری نے کہاکہ قربانی درحقیقت اللہ تعالیٰ کیلئے جینا اور اسی کیلئے مرنے کے عہد کی تجدید کا نام ہے۔ ہماری زندگی کا مقصد اللہ تعالیٰ کی بندگی ہو اور اس کی بندگی کے اظہار میں کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ملٹری گراؤنڈ میں مولانا زبیر ہاشمی نے نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں مولانا حافظ احسن بن محمد الحمومی نے فضائل عید بیان کئے ۔تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ محمد لطیف احمد امام مکہ مسجد نے نماز عید الاضحی کی امامت کی اور خطبہ دیا قبل ازیں فضائل عید بیان کئے ۔ عید گاہ اجالے شاہ ؒ سعید آباد‘ عید گاہ صنعت نگر ‘ عیدگاہ چلکل گوڑہ ‘ مفتی محمد مستان علی قادری ناظم جامعۃ المؤمنات نے خطاب کرتے ہوئے عیدالاضحی کے موقع پر مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ آپس میں اتحاد و اتفاق کا ثبوت دیں۔ دنیا میں جو کام بھی ہو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی رضا جوئی کیلئے ہو نام و نمود سے باز رہیں۔ جو شخص کسی کو دین حاصل کرنے کیلئے کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کو دین اور دنیا دونوں عطا کرتا ہے اور اگر کوئی دنیاوی غرض کے سبب کام کررہا ہو تو اس کو صرف دنیا حاصل ہوتی ہے دین حاصل نہیں ہوتا۔عید گاہ کارخانہ سکندرآباد اور عیدگاہ بلالی ہاکی گراؤنڈ میں بھی بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی ۔ عیدگاہ صنعت نگر میں مولانا ڈاکٹر محمد سراج الرحمن نے نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا قبل ازیں فضائل عید بیان کئے ۔ مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی نے عیدگاہ رحمانیہ نہرو نگر، بالا نگر میں نماز عید سے قبل خطاب کیا اور مسلمانوں کو عیدالاضحی کی اصل روح و جذبہ سے واقف ہونے کی تلقین کی۔ عیدگاہ بلالی ہاکی گراؤنڈ میں مولانا مفتی تجمل حسین نے فضائل عید بیان کئے ۔ ریڈ ہلز پلے گراؤنڈ میں مولانا عبیدالرحمن اطہر ندوی خطیب و امام مسجد ٹین پوش کی امامت میں نماز عیدالاضحی ادا کی گئی ۔ جناب سید منیرالدین احمد مختار صدر کمیٹی مسجد بغدادی ٹیک نے نماز عید سے قبل اپنے خطاب میں کہاکہ حج دراصل حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اداؤں اور حضرت ہاجرہ علیہما السلام کی دعاؤں اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی سعادت مندی کا نام ہے۔ ریاستی وقف بورڈ اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں عیدگاہوں اور مساجد کے اطراف و اکناف خصوصی صفائی کے انتظامات کئے گئے تھے۔ عیدگاہ میر عالم میں سی ای اوتلنگانہ وقف بورڈ جناب ایم اے منان کی راست نگرانی میں انتظامات کئے گئے تھے۔ عیدگاہ میر عالم پر مولانا مفتی عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے مسلمانان عالم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ پولیس کی جانب سے عیدگاہ میر عالم کے قریب بنائے گئے کیمپ میں کمشنر پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی‘ مسٹر اے وی سرنیواس راؤ ‘ مسٹر ست نارائن راؤ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون کے علاوہ دیگر عہدیداران موجود تھے جنہوں نے مصلیان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ کمشنر پولیس مسٹر مہندر ریڈی نے بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شہریان حیدرآباد کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر امن و امان کی برقراری اور کسی بھی ناخوشگوار واقع کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے۔ شہر میں قربانی کے پیش نظر جگہ جگہ پولیس پکٹس نصب کئے گئے تھے تاکہ کسی بھی طرح کی بدنظمی یا بدامنی نہ ہونے پائے۔ محکمہ برقی ‘ آبرسانی ‘ بلدیہ کے علاوہ آر ٹی سی وغیرہ کی جانب سے بھی عیدالاضحی کے موقع پر خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔عیدگاہ میر عالم میں نماز عیدالاضحی کے بعد اقطاع عالم کے مسلمانو ں کے علاوہ ہندستان اور ریاست تلنگانہ میں امن
و امان کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی۔