حیدرآباد ۔ /24 اپریل (سیاست نیوز) سنجیو ریڈی نگر پولیس نے امیرپیٹ منڈل تحصیلدار پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں بعض افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایرہ گڈہ مینٹل ہاسپٹل سے متصل اراضی پر ’’ اراضی برائے فروخت‘‘ کا بورڈ نصب کیا گیا تھا جس کو دیکھ کر دواخانہ کے حکام نے تحصیلدار کو آگاہ کیا ۔ امیرپیٹ منڈل کے تحصیلدار مسٹر وینکٹیشورلو ریونیو انسپکٹر پردیپ اور وی آر او وجئے راجو کے ہمراہ وہاں کا معائنہ کرنے کیلئے پہونچے تھے جس انوپما انٹرپرائزس سے تعلق رکھنے والے محمد حسین نے اعتراض کیا ۔ اسی دوران ایس آر نگر پولیس کی نگرانی میں دواخانہ کا سکیورٹی عملہ اور محکمہ مال کے عہدیداروں نے زمین برائے فروخت کا سائن بورڈ نکال دیا ۔ جس کے نتیجہ میں حسین نے عہدیداروں سے بحث شروع کردی ۔ لیکن تحصیلدار وہاں سے اپنے دفتر روانہ ہوگئے ۔ محمد حسین نے مبینہ طور پر تحصیلدار کے دفتر پہونچکر ان سے بحث و تکرار کی اور بعد ازاں زدوکوب کرنے کی بھی کوشش کی ۔ جس پر ایس آر نگر پولیس نے حسین اور دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔