امراوتی 19 جولائی ( پی ٹی آئی ) لوک سبھا میں کل تحریک عدم اعتماد پر مباحث سے قبل ایسا لگتا ہے کہ تلگودیشم کیلئے مشکلات پیدا ہونی شروع ہوگئی ہیں کیونکہ اس کے ایک رکن پارلیمنٹ نے اعلان کیا کہ وہ ایوان کی کارروائی سے غیر حاضر رہیں گے ۔ اننت پور کے ایم پی جے سی دیواکر ریڈی نے کل بھی پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلگودیشم پارٹی کی جانب سے ایوان میں پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کے دوران اور پھر سارے مانسون سشن کے دوران پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے ۔ تلگودیشم نے اپنے تمام ارکان پارلیمنٹ کو وہپ جاری کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ جمعہ اور پیر کو ایوان میں حاضر رہیں۔ جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ اگر کوئی وہپ جاری بھی کیا گیا ہے تو ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معمول کا کام ہے ۔ ویسے بھی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور وہ ہندی یا انگریزی میں خطاب نہیں کرسکتے ایسے میں ایوان میں ان کی موجودگی کوئی اہمیت نہیں رکھتی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں دوسرے قائدین موجود ہیں جو ہندی اور انگریزی میں بات کرسکتے ہیں۔اپنی بات واضح انداز میں پیش کرنے کیلئے مشہور دیواکر ریڈی کہا جا رہا ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ دینے سے پارٹی قیادت کے تیقن سے گریز پر ناراض ہیں ۔ انہوں نے ماضی میں اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابی سیاست سے سبکدوش ہوجائیں گے ۔