تحریک تلنگانہ میں حصہ لینے والے نوجوانوں کے ساتھ انصاف رسانی کا مطالبہ

مجاہدین کے بچوں کو مفت تعلیم پر زور ، سید ولی اللہ قادری کا چیف منسٹر تلنگانہ کو مکتوب
حیدرآباد۔24جنوری(سیاست نیوز) قومی صدر کل ہند اسٹوڈنٹ فیڈریشن ( اے آئی ایس ایف) جناب سید ولی اللہ قادری نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ تحریک میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینے والے نوجوانوں کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیااور کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور پندرہ ہزار روپئے ماہانہ وظیفہ مقرر کیاجائے ۔ اس کے علاوہ مجاہدین تلنگانہ تحریک کے بچوں کو کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم اور مفت طبی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ مذکورہ مکتوب میںانہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائوسے ٹی پی ایس سی کے تحت ہونے والے تقررات میںمجاہدین تلنگانہ تحریک کو دس فیصد تحفظات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیاہے جب کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو چار سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود مجاہدین تلنگانہ تحریک ہنوز انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملازمت ہو یا پھر مراعات اور طبی سہولتیں تلنگانہ تحریک میںبڑھ چڑھ کا حصہ لینے والے ان تمام سہولتوں سے آج بھی محروم ہیں۔ جناب سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ اگر چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو ہمارے ان مطالبات کو نظر انداز کرتے ہیں تو حکومت تلنگانہ کے خلاف ایک منظم مہم شروع ہوگی جس میں حکومت تلنگانہ کے رویہ کے متعلق شعور بیداری مہم شروع کی جائے گی۔