تجارتی اداروں میں عدم پارکنگ کے خلاف کارروائی کا منصوبہ

اداروں کو مہر بند بھی کیا جاسکتا ہے ، بلدیہ اور ٹریفک پولیس کی مہم
حیدرآباد۔2 مارچ (سیاست نیوز) تجارتی اداروں کی پارکنگ کے لئے جگہ کے متعلق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک مرتبہ پھر مہم میں شدت پیدا کی جائے گی اور جن تجارتی اداروں کے پاس پارکنگ کی سہولت نہیں ہے ان تجارتی اداروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں مہربند کرنے کے متعلق منصوبہ سازی کی جا رہی ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے سابق میں جن ہوٹلوں کے پاس پارکنگ کی سہولت نہیں ہے انہیں مہر بند کرنے کی مہم کی شروعات کی تھی لیکن مختصر مدتی اس مہم کے بعد اچانک اس مہم کو بند کردیا گیا تھا لیکن اب موجودہ حکومت کی جانب سے اس مہم کو دوبارہ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تجارتی اداروں کو اس مہم کا حصہ بنانے پر زور دیا جا رہا ہے ۔جی ایچ ایم سی ذرائع کے مطابق حکومت نے دونوں شہروں میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے تیار کردہ منصوبہ کے تحت ان تمام اداروں کی پارکنگ کی جگہوں کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت دی ہے جہاں گہما گہمی ہوا کرتی ہے۔ان احکامات کے بعد جی ایچ ایم سی نے دونوں شہروں کے مصروف ترین بازاروں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ فٹ پاتھ کے غیر مجاز استعمال کے ساتھ ساتھ سڑک پر پارکنگ کو بھی فوری اثر کے ساتھ بند کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور تاجرین کو پارکنگ کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے نوٹسیں جاری کئے جانے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ مارچ کے بعد تاجرین کے تجارتی لائسنس کی تجدید یا اجرائی کے دوران انہیں پارکنگ کی جگہ اور سہولت کی فراہمی کے متعلق بلدیہ کو واقف کروانے میں کوئی مشکل نہ ہونے پائے۔بلدیہ کے عہدیدار نے بتایا کہ اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے محکمہ ٹریفک پولیس کی مدد لی جائے گی اور ٹریفک پولیس کے ذریعہ سڑک پر پارکنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کو ممکن بنایا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ جن تاجرین کی جانب سے پارکنگ سہولت کی فراہمی کے متعلق وضاحت نہیں ہوگی ان تاجرین کے تجارتی لائسنس کی تجدید نو کے متعلق قطعی فیصلہ جی ایچ ایم سی اور ٹریفک پولیس کے اعلی عہدیداروں کے درمیان مشاورت کے بعد کیا جائے گا کیونکہ شہر کے کئی ایسے بازار ہیں جہاں تاجرین کی جانب سے پارکنگ کی سہولت کی فراہمی نا ممکن ہے۔