تبلیغی جماعت کے کارکنوں پر حملے کیخلاف پرتشدد احتجاج

مظفر نگر 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ضلع شاملی میں ایک پولیس اسٹیشن کے روبرو تبلیغی جماعت ارکان کے احتجاج کے دوران ایک شخص اور 16 پولیس ملازمین زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ دہلی ۔ کنڈھلا ٹرین میں کل بعض نوجوانوں کی جانب سے تبلیغی جماعت کے 5 ارکان پر حملے کے خلاف یہ احتجاج کیا گیا۔ ایس پی وجئے بھوشن نے بتایا کہ احتجاجیوں نے پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اور سنگباری کے علاوہ بعض گاڑیوں کو نذر آتش کردی۔ تشدد پر آمادہ ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کے شل داغے اور لاٹھی چارج کردیا، جس کے دوران ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پرتشدد احتجاج کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے جس کے پیش نظر ٹاؤن میں اضافی پولیس فورس طلب کرلی گئی ہے۔ اس واقعہ کے بعد سہارنپور ۔ دہلی شاہراہ پر ٹریفک درہم برہم ہوگئی۔ سینئر پولیس عہدیدار جائے وقوع پہونچ کر ہجوم پر قابو پالیا اور مفرور حملہ آوروں کو پکڑنے کا تیقن دیا۔