مظفر نگر، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع شاملی میں تبلیغی جماعت کے کارکنوں پر حملہ کے پیش نظر دہلی ۔ سہارنپور ٹرین روٹ پر سکیوریٹی کو سخت کردیا گیا ۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یکم/ مئی کو دہلی ۔ کندھلا ٹرین میں تبلیغی جماعت کارکنوں پر حملہ کے بعد دہلی۔سہارنپور روٹ پر سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ، جبکہ گورنمنٹ ریلوے پولیس اور ریلوے پراٹکٹس فورس کی جانب سے ٹرینوں میں مشتبہ افراد کی تلاشی مہم چلائی جارہی ہے ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (ریلویز) جاوید احمد نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ ٹرینوں میں ویڈیو گرافی بھی کی جارہی ہے ۔ مذکورہ روٹ پر بعض حساس اسٹیشنوں پر اضافی پولیس جمعیت متعین کردی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ دہلی ۔ کندھلا ٹرین میں اشرار نے تبلیغی جماعت کے 5 کارکنوں پر حملہ کردیا تھا ۔ اس واقعہ کے دوسرے دن احتجاجیوں نے کندھل پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ اور سنگباری کردی تھی اور بعض گاڑیوں کو نذراتش کردیا گیا تھا ۔ پرتشدد احتجاج میں 16 پولیس ملازمین زخمی ہوئے تھے ۔ پولیس نے حملہ کے واقعہ میں ملوث 2 افراد سنیل اور انیل کمار کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ مزید حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے ۔