گوہاٹی 21 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت اعلی سے اپنی علیحدگی کے اشاروں کے دوران چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے آج ان اطلاعات کی توثیق یا تردید کرنے سے انکار کردیا کہ انہیں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ گوگوئی نے کہا کہ اس تعلق سے کوئی بھی فیصلہ کانگریس ہائی کمان کی جانب سے کیا جائیگا ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب میںکہا کہ ان قیاس آرائیوں پر وہ نہ توثیق کرینگے اور نہ تردید۔ اس تعلق سے صرف ہائی کمان فیصلہ کریگی ۔ وہ کل دہلی جا رہے ہیں اور پیر کے دن ان کی پارٹی ہائی کمان سے ملاقات ہونے والی ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ کانگریس اقتدار والی ریاستوں کے تمام چیف منسٹرس اور صدور پردیش کانگریس کو ہائی کمان نے اس ملاقات کیلئے مدعو کیا ہے ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹرس دہلی کے سینئر کانگریس قائدین کے بموجب آسام وہ پہلی ریاست ہوسکتی ہے جہاں کانگریس پارٹی قیادت میں تبدیلی کے تعلق سے فیصلہ کریگی ۔