واشنگٹن 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے پُرعزم تاپی گیس پائپ لائن پراجکٹ کے قیام کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ ایک مشترکہ وینچر کمپنی ہے جو 33 ارب مکعب میٹر قدرتی گیاس سالانہ ترکمانستان سے افغانستان، پاکستان اور ہندوستان منتقل کرے گی۔ حکومت امریکہ نے تاپی لمیٹیڈ کے قیام کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ اگر یہ پراجکٹ کارکرد ہوجائے تو ترکمانستان کی توانائی منڈی کے متبادل علاقوں میں اضافہ ہوگا۔ اِس سے افغانستان کے لئے مالیہ اور ملازمتیں حاصل ہوں گی۔ جبکہ یہ اُس کی معاشی ترقی کا اہم وقت ہے۔ اِس سے پاکستان اور ہندوستان کی ترقی پذیر معیشتوں کو صاف ستھرا ایندھن حاصل ہوگا۔ امریکہ نے 4 ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی توانائی کمپنی کی تکمیل کے پراجکٹ کو کامیاب بنائے۔ اقوام متحدہ تاپی کی تائید کرتا ہے اور اِس کو نئی شاہراہِ ریشم کے اقدام کا ایک اہم عنصر سمجھتا ہے جس سے جنوبی اور وسطی ایشیاء مربوط ہوسکتے ہیں۔