تالاب کٹہ اور بھوانی نگر میں کارڈن سرچ، 52 گرفتاریاں

حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے تالاب کٹہ اور بھوانی نگر کے مختلف علاقوں میں کارڈن سرچ آپریشن کرتے ہوئے 52 افراد کو حراست میں لیا اور گاڑیاں بھی ضبط کرلیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر محمد غوث محی الدین کی زیرنگرانی 250 پولیس عملہ پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے بھوانی نگر کے علاقہ چندی نگر اور صدیق نگر میں گھر گھر تلاشی مہم کی۔ اِس آپریشن کے دوران بھوانی نگر روڈ نمبر 1 تا روڈ نمبر 7 کی گھر گھر تلاشی لی۔ اس کارروائی میں پولیس نے بعض افراد کو حراست میں لیتے ہوئے 62 گاڑیوں اور 4 آٹوز کو دستاویزات کی عدم موجودگی پر ضبط کرلیا۔ وائٹنر کا استعمال کرنے والے 6 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جو چلتی ٹرین پر سنگباری کے واقعات میں ملوث بتائے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے ریلوے اور مقامی پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ یاقوت پورہ ریلوے لائن سے گزرنے والی ٹرینوں پر کون لوگ سنگباری کررہے ہیں۔ کارڈن سرچ کے مقاصد میں عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا، جرائم کی روک تھام شامل ہیں۔